ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جمعیۃ علماء ہند کے وفد کافساد سے متاثرہ دھلی کے جہانگیر پوری کا دورہ

جمعیۃ علماء ہند کے وفد کافساد سے متاثرہ دھلی کے جہانگیر پوری کا دورہ

Sun, 17 Apr 2022 22:21:38    S.O. News Service

نئی دہلی (ایس او نیوز/موصولہ رپورٹ) کل شام شمالی دھلی کے جہانگیر پوری میں فرقہ وارانہ فسادات ہوا تھا جس میں دونوں فرقوں کے لوگوں کو چوٹیں آئیں تھیں۔ مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کی خصوصی ہدایت پر مفتی عبد الرازق مظاہری ناظم اعلٰی جمعیۃعلماء دھلی کی قیادت میں ایک وفد نے وہاں کا دورہ کیا اور وہاں کے مقامی ذمہ داران سے مل کر عوام الناس سے امن و امان کی ایپل کی نیز فساد کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی تو مقامی حضرات نے بتلایا کہ ایک مرتبہ دن میں 12 بجے شوبھا یاترا نکالی گئی اسکے بعد تین بجے پھر شوبھا یاترا نکالی گئی دونوں مرتبہ مقامی مسلم نوجوانوں نے یاترا نکلوانے میں تعاون کیا لیکن بعض شرپسند عناصر جنکا مقصد کچھ اور ہی تھا، وہ پورا نہیں ہوا تو ساڑھے پانچ بجے شام میں پھر ایک مرتبہ ایک ہجوم آیا اور مسجد میں گھسنے  اور بھگوا جھنڈے لگا نے کی کوشش کے ساتھ ساتھ اشتعال انگیزنعرے لگانے لگا جسکو لیکر جھگڑا شروع ہوگیا اور پھر دونوں طرف سے پتھر بازی ہونے لگی۔

وفد نے متاثرہ مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں مسجد کے مین دروازہ پر جے شری رام لکھا ہوا تھا اور بھگوا جھنڈے، اینٹ، پتھر نیز کانچ کی ٹوٹی ہوئی بوتلیں بکھری پڑی ہوئی پائی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسجد میں گھس کر جھنڈے وغیرہ لگانے کی کوشش کی گئی تھی اور مسجد پر پتھراؤ کرکے نقصانات کئے گئے تھے۔ وفد نے تمام لوگوں سے امن وامان بنائے رکھنے کی اپیل کی۔

لوگوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پولس کی طرف سے ایک طرفہ گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر وفد نے ڈی سی پی ودیگر اعلی پولس افسران سے ملاقات کی اور قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ساتھ بے قصوروں سمیت مظلوموں کو انصاف دلانا کا بھی مطالبہ کیا جس پرخاص طور پر ڈی سی پی صاحبہ نے مکمل انصاف کے ساتھ کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔

وفد میں مفتی عبدالرازق کے علاوہ قاری محمد ساجد فیضی ناظم جمعیۃ علماء دھلی، قاری دلشاد قمر مظاہری نائب صدر دھلی، ڈاکٹر رضاؤالدین شمس رکن عاملہ دھلی اور محمد مہتاب شامل تھے۔


Share: